Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

اسٹیٹ بینک کی دھوکے بازوں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020 06:01am

اسٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بینک صارفین کیلئے ہیلپ لائن کا آغاز کردیا، ساتھ ہی ذاتی معلومات کیلئے کال کرنے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر بینک، صارفین کے سوالات یا شکایات کا جواب نہیں دے رہے ہیں تو صارفین ہیلپ لائن سروس کے ذریعے اسٹیٹ بینک سے براہ راست 273-727-111-021 پر دفتری اوقات میں رابطہ کرسکتے ہیں، بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ہیلپ لائن 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن عوام کی شکایات کیلئے کھلی رکھیں۔

مرکزی بینک نے عوام پر زور دیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کریں تاکہ بینک لوگوں کے تحفظ کی خاطر کم سے کم اسٹاف کے ساتھ خدمات فراہم کرسکیں، بینک ملازمین اور صارفین کے تحفظ، جائے کار کی حفاظت اور بینک صارفین کیلئے خدمات انجام دینے میں درپیش عملی مشکلات پر قابو پانے کیلئے بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت، حکومتِ پاکستان اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے دی گئی رہنماء ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے بینک اور صارفین اپنی شکایات کا اندراج اس ای میل پر بھی کروا سکتے ہیں۔

[email protected]

اسٹیٹ بینک نے موجودہ حالات کا فائدہ اٹھا کر ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے دھوکے بازوں کی جانب سے فون کالز کا بھی نوٹس لیا ہے۔ مرکزی بینک نے عوام کو دھوکے بازوں سے ہوشیار رہنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی فون کال یا میسیج پر اپنی ذاتی معلومات جس میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر، ڈیبٹ/ کریڈٹ کارڈ نمبر، پاس ورڈ، پِن (پی آئی این)، عارضی پاس ورڈ (او ٹی پی) وغیرہ شامل ہیں، کسی کو نہ بتائیں۔

اسٹیٹ بینک کے علم میں آیا ہے کہ دھوکے باز عناصر اسٹیٹ بینک یا کسی اور سرکاری ایجنسی کا روپ دھار کر کورونا کی وباء سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتِ حال میں اکاؤنٹ کی تصدیق کا بہانہ بناکر عوام سے اُن کی ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اسٹیٹ بینک یا کمرشل بینک یا کوئی اور ادارہ ایسی معلومات اکٹھی نہیں کررہا اس لیے عوام ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں۔

ایس بی پی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی فون کالز اور میسیجز کی تفصیلات سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس کی ہیلپ لائن یا ای میل ایڈریس پر آگاہ کریں۔